میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ اگر آپ خود زندگی میں آگے بڑھ رہے ہیں تو اپنی بیوی کا ہاتھ بھی تھامیں اور اسے ساتھ لے کر چلیں۔ اسے صرف کچن، بچوں اور گھر کی ذمہ داریوں تک محدود نہ کریں بلکہ اس کی تعلیم، خودمختاری اور خوابوں کی تکمیل میں بھی اس کا ساتھ دیں۔
معروف اداکار اور میزبان احسن خان نے شادی شدہ زندگی میں شوہر کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کامیاب رشتہ وہی ہوتا ہے جہاں میاں بیوی ایک دوسرے کی ترقی کا سبب بنیں نہ کہ ایک دوسرے کی راہ میں رکاوٹ۔
ایک انٹرویو کے دوران احسن خان کا کہنا تھا کہ اکثر خواتین شادی کے بعد اپنی خواہشات، تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی سے دور ہوجاتی ہیں، حالانکہ شوہروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں آگے بڑھنے کے برابر مواقع فراہم کریں۔ ان کے مطابق اگر بیوی کی زندگی صرف گھر، بچوں اور کچن تک محدود ہو جائے تو اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
اداکار نے مردوں پر زور دیا کہ اگر ان کی شریکِ حیات کم تعلیم یافتہ ہے تو اسے تعلیم دلوائیں، نئی مہارتیں سیکھنے کی حوصلہ افزائی کریں اور مالی و ذاتی طور پر مضبوط بنائیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی شناخت قائم کر سکے۔
احسن خان نے بچوں کی تربیت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جو والد اپنی اہلیہ کی عزت کرتے ہیں وہ اپنے بچوں کو بھی احترام، برابری اور بہتر خاندانی اقدار سکھاتے ہیں بکہ گھر کا ماحول بچوں کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اپنے گھر میں گھریلو ذمہ داریاں صرف میاں بیوی تک محدود نہیں بلکہ سب مل کر کام کرتے ہیں، جس سے باہمی تعاون اور احترام کو فروغ ملتا ہے۔