بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کا پاکستان سے تعلق ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا، جب ایک پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹر نے ان کے آبائی گھر کو تلاش کر کے دنیا کو دکھا دیا۔ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خوب مقبولیت حاصل کی اور دونوں ممالک کے صارفین جذباتی تبصرے کرتے نظر آئے۔
سنجے دت کے والد، بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار سنیل دت، تقسیمِ ہند سے قبل پاکستان کے ضلع جہلم کے گاؤں نارا کھڈا میں پیدا ہوئے تھے۔ سنجے دت متعدد مواقع پر بتا چکے ہیں کہ ان کے والد کی ہمیشہ یہ خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر اپنے آبائی گھر کو دیکھ سکیں، جہاں ان کا بچپن گزرا تھا۔
اسی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی انفلوئنسر سمیل عاطف ضلع جہلم کے گاؤں نارا کھڈا پہنچے اور وہاں موجود دت خاندان کے آبائی گھر کی ویڈیو بنائی۔ ویڈیو میں انہوں نے گھر کی موجودہ حالت اور اس کی تاریخی اہمیت دکھائی، جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین جذباتی ہوگئے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے اسے محبت، یادوں اور مشترکہ ورثے کی خوبصورت مثال قرار دیا۔ کئی افراد نے لکھا کہ تقسیم سے پہلے دونوں طرف کے لوگ اسی طرح ایک دوسرے کے ساتھ رہتے تھے، جبکہ کچھ نے کہا کہ ایسی ویڈیوز دلوں کو جوڑنے کا کام کرتی ہیں۔
سمیل عاطف کی یہ ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے اور پاکستان و بھارت کے صارفین کی جانب سے اسے بے حد سراہا جا رہا ہے۔