میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس لانڈھی ٹاؤن کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور سٹی کونسل کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ لانڈھی ٹاؤن میں شہریوں اور خصوصاً نوجوانوں کے لیے جدید اسپورٹس کمپلیکس کا قیام ایک انتہائی خوش آئند اقدام ہے جو انہیں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی جدید سہولیات، سوئمنگ پول، اور نوجوانوں کے لیے مارشل آرٹس کی تربیت کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کمپلیکس کی بدولت لانڈھی کے بچوں اور نوجوانوں کو ایک ہی جگہ معیاری اور صحت مند تفریح میسر آئے گی، جس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں سے جوڑنا ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے اور کے ایم سی شہر کے مختلف علاقوں میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ شہریوں کو ان کے اپنے علاقوں میں کھیلوں کی معیاری سہولیات اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا کے ایم سی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔