کیمرے کے پیچھے کا درد: کریتی سینن کا ذہنی صحت پر اہم پیغام

image

بالی ووڈ کی قومی ایوارڈ یافتہ اداکارہ کریتی سینن نے ذہنی اور جذباتی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذہن کی دیکھ بھال بھی جسمانی صحت جتنی ہی ضروری ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اکثر انہیں اپنی ذاتی زندگی میں شدید جذباتی یا پریشان کن حالات سے گزرنے کے باوجود کامیڈی فلموں کی شوٹنگ کرنا پڑتی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکاروں کے لیے اپنے جذبات پر قابو رکھنا اور ذہنی توازن برقرار رکھنا کتنا مشکل اور ضروری کام ہے۔

کریتی سینن کا کہنا تھا کہ فلموں 'می می' اور 'دو پتی' میں کام کرنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ فلمی کردار لاشعوری طور پر انسان پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں اور شوٹنگ ختم ہونے کے دنوں بعد بھی ان کے اثرات رویے میں نظر آتے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ چونکہ فنکار مسلسل اپنے جذبات کا استعمال کرتے ہیں، اس لیے خود کو کرداروں سے الگ کرنا اور ذہنی سکون کے لیے مراقبہ، تھراپی یا دیگر مشغلوں کا سہارا لینا بے حد ضروری ہے، اور وہ خود بھی ذہنی توازن قائم رکھنے کے لیے باقاعدگی سے مراقبہ کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US