’’والد میرے دوستوں پر بھی نظر رکھتے تھے‘‘ اسپَیرو بٹ نے والدین کی محبت کی کہانی سنا دی

image

پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر اسپَیرو بٹ اپنی منفرد شخصیت، دلچسپ انداز اور مزاحیہ ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ دبئی سے سوشل میڈیا کا سفر شروع کرنے والے اسپَیرو بٹ نے ابتدا میں مختلف کھانوں کو منفرد انداز میں چکھنے کی ویڈیوز سے توجہ حاصل کی، جبکہ اب وہ روسٹنگ ویڈیوز، اسکیٹس اور مزاحیہ فوڈ ولاگز کے ذریعے مداحوں کو محظوظ کرتے ہیں۔

اسپَیرو بٹ کے ٹک ٹاک پر تقریباً 5 لاکھ 92 ہزار جبکہ انسٹاگرام پر 4 لاکھ 77 ہزار فالوورز ہیں۔ وہ اس وقت امریکا میں مقیم ہیں اور وہیں سے اپنے مداحوں کے لیے مختلف نوعیت کا مواد بنا رہے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے اپنے دوست مبین اختر کے یوٹیوب چینل پر ایک مختصر انٹرویو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور بچپن کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔ اس دوران اسپَیرو نے بتایا کہ بچپن سے ہی ان کی شخصیت میں نسوانی انداز نمایاں تھا، تاہم ان کے والدین نے کبھی انہیں اس وجہ سے تنہا محسوس نہیں ہونے دیا۔

اپنے والدین کے رویے کا ذکر کرتے ہوئے اسپَیرو بٹ نے کہا کہ"میں ہمیشہ سے خواتین کی طرح نازک مزاج تھا۔ بچپن میں بھی میرا انداز کچھ زیادہ ہی نسوانی تھا۔ میرے والدین جانتے تھے کہ میرے اندر لڑکیوں جیسی عادات اور خصوصیات ہیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔ میں 20 سال کی عمر تک اپنے والدین کے ساتھ سوتا تھا۔ وہ میرے بہت قریب تھے اور مجھے کسی تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے تھے۔"

انہوں نے والد کی محبت اور فکر کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ "میرے والد اسکول کی چھٹی سے تقریباً 30 منٹ پہلے ہی پہنچ جاتے تھے اور دیکھتے تھے کہ میرے دوست میرے ساتھ کس طرح پیش آتے ہیں۔ وہ مجھے بتاتے تھے کہ کون سا دوست میرے ساتھ اچھا برتاؤ کرتا ہے اور کون میرے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے۔ جو دوست میرے ساتھ برا سلوک کرتے، والد مجھے ان سے ملنے سے بھی روک دیتے تھے۔"

اسپَیرو نے بتایا کہ ان کے والد کا انتقال 11 سال قبل جبکہ والدہ 10 سال پہلے انتقال کر گئیں، جس کے بعد وہ اپنی زندگی خود گزار رہے ہیں۔ والدین کے ساتھ گزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے ان کی گفتگو نے مداحوں کو ان کی زندگی کے ایک ایسے پہلو سے بھی روشناس کرایا جو عموماً ان کے مزاحیہ اور تفریحی مواد میں نظر نہیں آتا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US