بالی ووڈ اداکار گووندا نے سلمان خان کے کیریئر کے ایک مشکل دور سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے اور بتایا ہے کہ فلم ’پارٹنر‘ کی شوٹنگ سے پہلے انہوں نے سلمان کو خود پر توجہ دینے کا مشورہ دیا تھا۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے گووندا نے بتایا کہ ’پارٹنر‘ کی شوٹنگ سے قبل سلمان خان کئی مسائل سے گزر رہے تھے، جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں دکھائی دیتے تھے اور پہلے کے مقابلے میں کافی خاموش رہنے لگے تھے۔
گووندا کے مطابق انہوں نے سلمان سے کہا کہ وہ بہت کچھ دیکھ چکے ہیں، اب وقت ہے کہ وہ اپنے اندر جھانکیں اور خود کو سنبھالیں۔ انہوں نے سلمان کو یہ بھی احساس دلایا کہ ایک ہیرو کے طور پر ان کی شخصیت اور اعتماد ان کی بڑی طاقت ہیں، لیکن اس وقت ان کی پریشانی چہرے سے واضح نظر آ رہی تھی۔
جب سلمان خان نے گووندا سے پوچھا کہ انہیں کیا کرنا چاہیے تو انہوں نے روزانہ دو سے تین گھنٹے ورزش کرنے کا مشورہ دیا۔ گووندا کا کہنا تھا کہ سلمان کو اپنی جسمانی اور ذہنی کیفیت بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
گووندا نے سلمان خان کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دھرمیندر کے بعد سلمان ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہیں قدرت نے بہترین شخصیت اور خاص کشش سے نوازا ہے۔ ان کے مطابق سلمان میں فلم انڈسٹری پر طویل عرصے تک راج کرنے کی صلاحیت موجود تھی۔
واضح رہے کہ فلم ’پارٹنر‘ 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں سلمان خان اور گووندا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ دونوں اداکاروں کی جوڑی اور مزاحیہ انداز کو شائقین نے خاصا پسند کیا تھا۔