میں جب بھی سفر کرتا ہوں، کفن کا کپڑا ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتا ہوں۔ جہاں بھی میری موت واقع ہو، مجھے وہیں دفن کر دینا۔ میں جانتا ہوں کہ ایک دن مجھے جانا ہی ہے، اور میں اس کے لیے بالکل تیار ہوں۔
نامور بھارتی گلوکار لکی علی نے ایک حالیہ کنسرٹ کے دوران موت اور زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی، جس نے ان کے مداحوں کو گہری سوچ میں مبتلا کردیا۔
90ء کی دہائی میں اپنی منفرد آواز سے شہرت حاصل کرنے والے 67 سالہ گلوکار نے کنسرٹ میں مداحوں کی محبت کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اپنے چاہنے والوں سے بے حد محبت کرتے ہیں، تاہم زندگی کی سب سے بڑی حقیقت موت ہے اور انسان کو ایک دن اس دنیا سے رخصت ہونا ہی ہے۔
لکی علی نے اسی گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ سفر کے وقت کفن کا کپڑا اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موت جہاں آئے، انہیں وہیں سپرد خاک کردیا جائے۔ گلوکار کی یہ بات ان کے سادہ اور بے تکلف انداز میں کہی گئی، لیکن ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔
لکی علی کے اس غیر معمولی انکشاف پر مداحوں نے مختلف جذبات کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے گلوکار کے لیے لمبی عمر، اچھی صحت اور خوشگوار زندگی کی دعائیں کیں جبکہ بعض مداح ان کے الفاظ کو زندگی کی حقیقت کو قبول کرنے کے ایک پُرسکون انداز کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔