جشنِ آزادی کے موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق "لاہور ٹو ساہیوال نیشنل سائیکل ریس" کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس سالانہ ریس کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیرِ کھیل فیصل ایوب کھوکھر کریں گے، جبکہ ان کے ہمراہ سیکرٹری اسپورٹس فضل الرحمان اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی موجود ہوں گے۔
ملک بھر میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صوبائی وزیرِ کھیل فیصل ایوب کھوکھر خود بھی اس ریس میں سائیکل چلا کر حصہ لیں گے اور سائیکل سواروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
14 اگست (جمعہ) کی صبح ٹھیک 6 بجے لاہور سے شروع ہونے والی یہ ریس ساہیوال کی جانب گامزن ہوگی، جس میں ملک بھر سے سائیکل سوار شرکت کر رہے ہیں۔
ریس کے فاتحین کے لیے 5 لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ سمیت لاکھوں روپے کے دیگر انعام بھی رکھے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے ریس میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ایونٹ میں بھرپور حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔