پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے انڈر 18، انڈر 21، سینیئر، ویمنز اور انڈر 18 گرلز ٹیموں کے لیے آنے والے مہینوں میں متعدد بین الاقوامی ٹورنامنٹس اور دو طرفہ سیریز کا شیڈول طے کرلیا ہے۔
ورلڈ کپ اور ایشین گیمز جیسے بڑے مقابلوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سینیئر ہاکی ٹیم کوریا کا دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 4 بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
اس کے علاوہ روسی ہاکی فیڈریشن نے 'پاکستان وائٹس' ٹیم کو 26 اگست سے 2 ستمبر تک دو طرفہ سیریز کی دعوت دی ہے، جس میں 3 سے 4 میچز کھیلے جائیں گے۔ سینیئر ٹیم کی عدم دستیابی کی صورت میں وائٹس ٹیم سینیئر کیمپ کے بقایا اور جونیئر کیمپ کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔
پی ایچ ایف کے مطابق یہ سیریز کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کا تجربہ اور مستقبل کے بڑے ایونٹس کی تیاری فراہم کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوگی۔
ترجمان پی ایچ ایف نے اعادہ کیا کہ فیڈریشن اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ مرد و خواتین اور سینیئر و جونیئر سطح پر تمام کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع ملے۔