اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشنِ آزادی اسپورٹس مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی سربراہی میں منعقد کیے جانے والے ان مقابلوں کے پہلے روز لیزر رن کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں 6 سے 19 سال تک کی عمر کے 50 سے زائد گرلز اور بوائز کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ان تمام کم عمر کھلاڑیوں کو لیزر رن کے کوچ قیصر علی نے خصوصی تربیت فراہم کی۔
لیزر رن کے مقابلوں میں طحہٰ نور نے پہلی، عبدالواحد نے دوسری جبکہ ایم عریب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انڈر 14 کیٹیگری میں اذان علی پہلے، اویس سلیمی دوسرے اور شان شاہد تیسرے نمبر پر رہے۔ انڈر 19 بوائز میں عبداللہ رنجا پہلے جبکہ محمد شاہمیر علی دوسرے نمبر پر رہے۔ گرلز انڈر 19 کیٹیگری میں آمنہ رفیق نے پہلی، آمنہ بی بی نے دوسری اور جنت ملک نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گرلز انڈر 17 میں میراب شہزاد پہلے، مناہل فیصل دوسرے اور آمنہ نوید تیسرے نمبر پر رہیں۔
ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے جشنِ آزادی اسپورٹس مقابلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ 14 اگست تک بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ہاکی اور فٹ بال کے مقابلے جاری رہیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 14 اگست کو وزیراعلیٰ پنجاب سائیکلنگ ریس لاہور سے ساہیوال تک منعقد ہوگی جس میں سینکڑوں سائیکلسٹ شرکت کریں گے، جبکہ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اس سائیکلنگ ریس کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔