کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈیگز نے شادی کرلی

image

کئی برس کی رفاقت، محبت اور شادی سے متعلق قیاس آرائیوں کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈیگز نے اپنے رشتے کو باضابطہ شکل دے دی۔ دونوں نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ایک نجی سول تقریب کے دوران شادی کی، جس کے بعد دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کا طویل انتظار بھی ختم ہوگیا۔

جوڑے نے شادی کی کوئی بڑی تقریب یا تفصیلی اعلان کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی انگوٹھیوں کی تصویر شیئر کی۔ مختصر مگر واضح انداز میں دی گئی اس خبر نے فوری طور پر عالمی توجہ حاصل کرلی۔

رونالڈو اور جورجینا کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی۔ اس وقت جورجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور میں کام کرتی تھیں۔ ملاقات کے بعد دونوں کا تعلق وقت کے ساتھ مضبوط ہوتا گیا اور تقریباً ایک دہائی سے وہ ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

رونالڈو نے ماضی میں اپنے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابتدا میں انہیں اندازہ نہیں تھا کہ جورجینا سے انہیں اس قدر گہری محبت ہوجائے گی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں محسوس ہوا کہ وہی ان کی زندگی کی حقیقی ساتھی ہیں۔

جوڑے نے 2025 میں منگنی کا اعلان کیا تھا۔ جورجینا نے اس موقع پر اپنی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے رونالڈو کے ساتھ موجودہ زندگی کے ساتھ ساتھ آنے والی ہر زندگی میں بھی ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

اب کئی سالہ تعلق کے بعد دونوں نے شادی کے بندھن میں بندھ کر اپنے رشتے کو ایک نئے مرحلے میں داخل کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US