گوچی سٹور میں رونالڈو سے پہلی ملاقات کے 10 سال بعد شادی: جورجینا رودریگز کون ہیں؟

فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال میں ماڈل اور انفلوئنسر جورجینا رودریگز سے شادی کر لی ہے۔ رودریگز 10 سال سے رونالڈو کی پارٹنر ہیں۔
Cristiano Ronaldo Georgina Rodríguez
Getty Images

فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال میں ماڈل اور انفلوئنسر جورجینا رودریگز سے شادی کر لی ہے۔ رودریگز 10 سال سے رونالڈو کی پارٹنر ہیں۔

رونالڈو نے اِنسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں بظاہر دونوں نے اپنے ہاتھوں میں شادی کی انگوٹھیاں پہنی ہوئی ہیں۔

پرتگالی میڈیا نے اِسے سال کی سب سے بڑی شادی قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ تقریب لسبن کے قریب ساحلی علاقے کاش کائس میں ہوئی، جس میں جوڑے کے پانچ بچے بھی شریک تھے۔

انسٹاگرام پر اس تصویر کو 30 منٹ میں ہی 30 لاکھ سے زیادہ بار لائیک کیا گیا تھا۔

رونالڈو اور رودریگز 10 سال سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ اُن کی پہلی ملاقات میڈرڈ میں معروف برانڈ ’گوچی‘ کی دکان پر ہوئی تھی جہاں رودریگز کام کرتی تھیں۔ اُس وقت رونالڈو ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے لیے کھیلتے تھے۔

اس جوڑے نے 11 اگست 2025 کو اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔

اُس وقت رودریگز نے اپنی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ہسپانوی زبان میں لکھا تھا کہ ’مجھے قبول ہے۔ اس زندگی میں اور تمام زندگیوں میں۔‘

رونالڈو نے اپنے کیریئر میں قریب ایک ہزار گول سکور کیے ہیں۔ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، یووینٹس، سعودی کلب النصر اور پرتگال کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انھوں نے حال ہی میں چھٹی بار ورلڈ کپ میں پرتگال کی نمائندگی کی تھی۔ وہ یہ ریکارڈ ارجنٹینا کے لیونل میسی کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

مجموعی طور پر رونالڈو کے پانچ بچے ہیں، جن میں سے دو رودریگز سے ہیں۔ رودریگز رونالڈو کے دیگر تین بچوں کی پرورش میں بھی مدد کرتی ہیں۔

اس جوڑے کی سب سے چھوٹی بیٹی بیلا اپریل 2022 میں پیدا ہوئی تھیں۔

رودریگز اس سے قبل اپنے نیٹ فلکس شو ’آئی ایم جورجینا‘ میں نظر آ چکی ہیں جہاں انھوں نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق افواہوں پر بھی بات کی تھی۔ اس شو میں انھوں نے کہا کہ اُن کی دوستیں ’ہمیشہ شادی کے بارے میں مذاق کرتی رہتی ہیں۔‘

انھوں نے کہا تھا کہ ’جب سے جینیفر لوپیز کا گانا ’دا رِنگ اور وین‘ آیا ہے، وہ مجھے یہ گانا گا کر سُناتی ہیں۔ مگر یہ میرے اختیار میں نہیں ہے۔‘

پہلی ملاقات سے خاندانی زندگی تک

Cristiano Ronaldo Georgina Rodríguez
Getty Images

جورجینا رودریگز ارجنٹینا میں پیدا ہوئیں لیکن اُن کی پرورش سپین کے ایک شمالی قصبے میں ہوئی ہے۔

اپنے شو ’آئی ایم جورجینا‘ میں وہ بتاتی ہیں کہ اُن کا بچپن سادہ حالات میں گزرا اور اُن کا خاندان مالی مشکلات کا شکار رہا تھا۔

جورجینا کو بچپن ہی سے رقص، خصوصاً بیلے، میں دلچسپی تھی اور وہ کئی برس تک اس کی تربیت حاصل کرتی رہیں۔ تاہم مالی مسائل کے باعث انھیں یہ چھوڑنا پڑا۔

جب اُن کے پروفیشنل ڈانسر بننے کے خواب پورے نہ ہو سکے تو اُنھوں نے فیشن کی دنیا میں اپنا مستقبل بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس سفر میں طویل اوقاتِ کار، پانچ گھنٹے کی بس کی مسافت، جمعرات سے اتوار تک دو، دو ملازمتیں کرنا اور ماہانہ 325 ڈالر کرائے والے ایک ایسے فلیٹ میں رہنا شامل تھا جو پہلے ایک سٹور روم تھا۔

انھیں گوچی میں سیلز ایسوسی ایٹ کی نوکری ملی تھی۔ شو کے دوران وہ بتاتی ہیں کہ ’میں پہلے ہینڈ بیگ فروخت کرتی تھی۔ اب میں انھیں خریدتی ہوں۔‘

رودریگز سپین میں گوچی کے سٹور میں سیلز اسسٹنٹ تھیں جہاں سنہ 2016 میں اُن کی ملاقات رونالڈو سے ہوئی تھی۔

رونالڈو سے پہلی ملاقات کے بارے میں رودریگز نے بتایا کہ ایک ساتھی نے اُن سے شفٹ کے بعد رُکنے کو کہا کیونکہ ایک ’اہم گاہک‘ آنے والا تھا۔ وہ گاہک رونالڈو تھے جو اپنے بیٹے کرسٹیانو جونیئر اور دوستوں کے ساتھ سٹور پر آئے تھے۔

رودریگز نے مزید بتایا کہ رونالڈو کو دیکھتے ہی وہ گھبرا گئی تھیں اور اُن کے دل میں رونالڈو کے لیے فوراً کشش پیدا ہوئی تھی۔ اُن کے بقول وہ اتنی ’نروس تھیں کہ اُن کی طرف دیکھنے سے بھی ہچکچا رہی تھیں۔‘

Cristiano Ronaldo Georgina Rodríguez
Getty Images

رونالڈو نے اعتراف کیا کہ اُنھیں رودریگز فوراً پسند آ گئی تھیں۔ اُن کے مطابق وہ اپنی عمر کے لحاظ سے زیادہ سمجھدار اور دلچسپ شخصیت کی حامل تھیں۔

رونالڈو نے اس ملاقات کو ایک ایسا لمحہ قرار دیا جسے وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔

شو میں رودریگز نے اپنے تعلق کے آغاز کو ’بہت خاص‘ قرار دیا۔ اُن کے مطابق دونوں آہستہ آہستہ ایک دوسرے کے قریب آئے اور تعلق مضبوط ہوتا گیا۔

رودریگز نے بتایا کہ رونالڈو اکثر اُنھیں کام کے بعد لینے آتے تھے۔ ایک مرتبہ وہ سپورٹس کار بوگاٹی میں آئے جس پر اُن کے ساتھی ملازمین حیران رہ گئے۔

شو میں انھوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ اُن کے ساتھی ملازم بس میں واپس گھر جاتے تھے، جبکہ اُن کی واپسی بوگاٹی میں ہوتی تھی۔

رونالڈو نے اس دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر سٹور کے باہر اُن کا انتظار کرتے تھے۔ اُن کے مطابق جب وہ اکٹھے ہوتے تو شہرت اور عوامی توجہ سے دور اپنی الگ دنیا میں چلے جاتے تھے۔

’آئی ایم جورجینا‘ میں رودریگز کو ایک ماں، کاروباری شخصیت اور رونالڈو کی ساتھی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو بچوں کی پرورش اور روزمرہ خاندانی ذمہ داریوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

شو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ رونالڈو کے فٹبال کیریئر کے باعث مختلف ممالک اور شہروں میں منتقل ہونے کے باوجود خاندان نے ایک مضبوط رشتہ برقرار رکھا۔

رودریگز کے مطابق خاندان اُن کی زندگی کی سب سے بڑی ترجیح ہے، جبکہ رونالڈو بھی خاندان کو اپنی کامیابیوں کی بنیاد قرار دیتے ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US