پنجاب میں اسکواش کی بحالی اور نئے ٹیلنٹ کے لیے 3 سالہ ایم او یو پر دستخط

image

اسپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان اسکواش اکیڈیمی کے درمیان صوبے میں اسکواش کے فروغ اور ترقی کے لیے تین سالہ معاہدا (ایم او یو) طے پا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی سربراہی میں کیا گیا، جس میں عالمی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ایم او یو پر بطور گواہ/مہمان دستخط کیے۔ تقریب کے دوران ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور پاکستان اسکواش اکیڈیمی کے سی ای او عدنان اسد نے معاہدے پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان میں اسکواش کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے اسکواش کمپلیکس کو پاکستان کا جدید ترین اسکواش کمپلیکس قرار دیتے ہوئے اس کی تعمیر پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔

سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اسکواش کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ سٹیٹ آف دی آرٹ اسکواش کمپلیکس کھیل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہمارا بنیادی مقصد نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر اسکواش میں دوبارہ فتوحات حاصل کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایم او یو کی مدت 3 سال ہے جس میں توسیع بھی کی جا سکے گی، جبکہ معاہدے کے تحت اس جدید کمپلیکس میں انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایم او یو کے تحت 3 اسکواش کورٹس کھلاڑیوں کی تربیت اور پریکٹس کے لیے دیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جدید ترین تربیت اور بین الاقوامی معیار کی کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US