اداکارہ، ماڈل اور میزبان فضا علی نے اداکارہ نمرہ خان کے حالیہ ازدواجی تنازع پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ساتھ دے دیا۔ فضا علی ویسے بھی سوشل میڈیا پر اپنی بے باک گفتگو اور مختلف معاملات پر واضح مؤقف کی وجہ سے توجہ حاصل کرتی رہتی ہیں۔
نمرہ خان نے کچھ عرصہ قبل دوسری شادی کی تھی اور شادی کے بعد شوہر کے ساتھ خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز بھی مداحوں سے شیئر کی تھیں۔ تاہم مبینہ طور پو یہ رشتہ زیادہ عرصہ خوشگوار نہ رہ سکا اور دونوں کے درمیان اختلافات سامنے آنے لگے۔
صورتحال اس وقت زیادہ نمایاں ہوگئی جب نمرہ خان اور ان کے شوہر نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرنا شروع کردیں۔ نمرہ کے شوہر کی جانب سے ’’گڈ ریڈنس‘‘ کا جملہ بھی سامنے آیا جس پر معاملہ مزید بحث کا موضوع بن گیا۔
اسی معاملے پر فضا علی نے نمرہ خان کے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کوئی شخص جسے کچھ ہی عرصہ پہلے اپنی زندگی کا ساتھی بنایا ہو، اس کے بارے میں اس طرح گڈ ریڈنس کہنا کیسے درست ہوسکتا ہے؟ ان کے مطابق کسی خاتون کو اس انداز میں مخاطب کرنا مناسب نہیں، خاص طور پر جب وہ حال ہی میں آپ کی شریکِ حیات بنی ہو۔
فضا علی نے نمرہ خان کے لیے کھلی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں اداکارہ کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ان کے تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہوگئی اور صارفین نے اس معاملے پر اپنی اپنی رائے دینا شروع کردی۔
کچھ صارفین نے فضا علی کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ بعض نے نمرہ خان کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے۔ یوں نمرہ خان کی مختصر مدت کی شادی سے شروع ہونے والا تنازع اب شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں تک پہنچ گیا ہے۔