’’مجھے سالگرہ پر کچھ اور بھی پیارے تحفے ملے ہیں، جن میں ایک ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس اور میرے بیٹے کیوان کی کسٹڈی سے متعلق نوٹس بھی شامل ہے۔‘‘
پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی سابق اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان جاری اختلافات ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ ایمان فاطمہ نے اپنے بھائی عون شیخ کے وی لاگ میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اپنی سالگرہ کے موقع پر رجب بٹ کی جانب سے مبینہ طور پر ہتکِ عزت اور بیٹے کی کسٹڈی سے متعلق قانونی نوٹس موصول ہوئے ہیں۔
ایمان نے یہ بات اس وقت بتائی جب وہ اپنے بھائی کے ساتھ سالگرہ کے تحائف کھول رہی تھیں۔ ان کے مطابق دیگر تحائف کے ساتھ یہ دونوں قانونی نوٹس بھی انہیں موصول ہوئے۔ رجب بٹ کی جانب سے تاحال ان مبینہ نوٹسز کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی 2024 میں ہوئی تھی، تاہم بعد میں دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔ ستمبر 2025 میں ان کے ہاں بیٹے کیوان سلطان کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد بھی ان کے ازدواجی تنازع نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
رجب بٹ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ دونوں کے درمیان طلاق کا عمل جاری ہے اور وہ اپنے بیٹے کی مالی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے۔ جولائی 2026 میں ایمان کے بھائی عون شیخ نے دونوں خاندانوں کے درمیان صلح کا دعویٰ کیا تھا، تاہم رجب بٹ نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ طلاق ہوچکی ہے اور وہ اس معاملے کو ختم سمجھتے ہیں۔