معروف پاکستانی اداکار شہود علوی نے بیوی سے ادرک و لہسن کی بو سے متعلق اپنے متنازع بیان پر وضاحت جاری کرتے ہوئے یوٹرن لے لیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بات ان کے ذاتی خیالات پر مبنی نہیں تھی بلکہ ویوز حاصل کرنے کے لیے ان کے موقف کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
شدید تنقید کی زد میں آنے کے بعد اداکار نے بتایا کہ ایک نجی ٹی وی شو کے دوران کالر کے سوال پر تمام شرکائے پروگرام نے تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خواتین کی خودمختاری پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی اہلیہ و بیٹیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
شہود علوی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کی تمام ضروریات کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر محض ویوز کی خاطر کسی کی شخصیت کو نشانہ بنانے والوں پر بھی شدید تنقید کی۔