’’ہم آیان علی کو فائلیں منتقل کرتے ہوئے دیکھا کرتے تھے اور شوٹس پر انہیں لینے کے لیے مہنگی گاڑیاں آیا کرتی تھیں۔ وہ بہت کم عمر تھیں، لیکن تقریباً ہر بڑے برانڈ کے بل بورڈ پر نظر آتی تھیں۔ میں نے انہیں براہِ راست خبردار بھی کیا تھا کہ یہ لوگ پہلے تمہیں استعمال کریں گے اور پھر چھوڑ دیں گے۔ ہمیں صرف ان لڑکیوں کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے ان لوگوں سے بھی سوال کرنا چاہیے جو انہیں استعمال کرتے ہیں۔‘‘
معروف اداکارہ اور ماڈل جیا علی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سابق سپر ماڈل آیان علی سے متعلق ماضی کے ایک متنازع معاملے پر کھل کر بات کی۔ آیان علی نے کم عمری میں ماڈلنگ کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا اور بڑے برانڈز کے اشتہارات، بل بورڈز اور فیشن شوز کا حصہ بنیں، تاہم 2015 میں کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتاری کے بعد ان کا نام ایک بڑے قانونی معاملے سے جڑ گیا۔
جیا علی نے بتایا کہ وہ آیان علی کو اپنے کیریئر کے ابتدائی دور سے دیکھتی رہی ہیں اور اس وقت ان کے گرد موجود لوگوں اور طرزِ زندگی نے بھی ان کی توجہ حاصل کی تھی۔ ان کے مطابق انہوں نے آیان کو اس وقت خبردار کیا تھا کہ بعض لوگ اپنے فائدے کے لیے انہیں استعمال کرکے بعد میں تنہا چھوڑ سکتے ہیں۔
اداکارہ نے اس معاملے میں صرف خواتین کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ان افراد کو بھی ذمہ دار ٹھہرانے کی بات کی جو نوجوان ماڈلز یا اداکاراؤں کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
جیا علی کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے مختلف رہی۔ بعض نے ان کی بات کی حمایت کی جبکہ کچھ صارفین نے الٹا انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ایک خاتون کے بارے میں منفی گفتگو کررہی ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، ’’آپ بھی صرف خواتین کو بدنام کررہی ہیں‘‘، جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا، ’’آپ خود اتنی مشہور نہیں ہوئیں، اسی لیے دوسروں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔‘‘