پاکستانی نوجوان وی لاگر اور سرکاری ملازمہ کومل جان کی ایک افسوسناک حادثے میں موت نے سوشل میڈیا صارفین کو غمزدہ کردیا۔ کومل جان موٹر سائیکل چلانے کا شوق رکھتی تھیں اور اپنے روزمرہ سفر کے ساتھ مختلف خوبصورت مقامات کی ویڈیوز اور ریلز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی تھیں۔
کومل جان کے ٹک ٹاک بائیو میں بھی ان کے اسی شوق کی جھلک ملتی تھی، جہاں انہوں نے لکھا تھا کہ وہ ’’دو پہیوں پر دنیا گھومنے کے لیے پیدا ہوئی ہیں۔‘‘ ان کے ٹک ٹاک پر تقریباً 5 ہزار فالوورز تھے، جو ان کے خوبصورت اور سادہ انداز میں بنائے گئے مواد کو پسند کرتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث دریائے سواں اور نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی تھی۔ اسی دوران کومل جان موٹر سائیکل پر سفر کررہی تھیں کہ مبینہ طور پر ان کا توازن بگڑ گیا اور موٹر سائیکل پھسل کر دریائے سواں میں جاگری۔ بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے انہیں تلاش کرکے نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
کومل جان کی عمر مبینہ طور پر 28 سال تھی اور وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ملازمہ تھیں۔ اہلخانہ اور ساتھیوں کے مطابق حادثے سے کچھ دیر قبل ہی ان کی کومل سے بات ہوئی تھی۔
ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا، جبکہ متعدد صارفین ان کی پروفائل پر جاکر ان کی پرانی ویڈیوز دیکھتے اور کم عمری میں زندگی کے اس طرح اختتام پر افسوس کا اظہار کرتے رہے۔