پاکستانی میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنے شوہر زین احمد سے علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔ آئمہ بیگ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنی نئی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ سیاہ لباس میں نظر آئیں جبکہ ان کے بال سلور بلون رنگ میں دکھائی دیے۔
تصاویر کے ساتھ آئمہ بیگ نے اپنی رشتہ داری کی حیثیت ’’سنگل‘‘ لکھی جس کے بعد ان کے مداحوں میں یہ تاثر مضبوط ہوگیا کہ گلوکارہ اور زین احمد کے درمیان ازدواجی تعلق ختم ہوچکا ہے۔
آئمہ بیگ نے گزشتہ سال اگست میں زین احمد سے نجی تقریب میں نکاح کیا تھا۔ دونوں نے کینیڈا میں نکاح کے بعد اپنے مداحوں کے ساتھ تقریب کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ زین احمد معروف فیشن برانڈ کے سی ای او ہیں اور آئمہ بیگ سے شادی سے قبل بھی دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں سامنے آتی رہی تھیں۔
حالیہ عرصے میں آئمہ بیگ کی جانب سے تنہائی اور مشکل حالات سے متعلق پوسٹس بھی سامنے آئی تھیں۔ ایک تصویر میں ان کے جسم پر مبینہ چوٹ کے نشان بھی نظر آئے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں کیں۔
اب ’’سنگل‘‘ لکھ کر آئمہ بیگ نے بظاہر زین احمد سے اپنی علیحدگی کو واضح کردیا ہے تاہم زین احمد کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔