میں نے اپنی تعلیم کبھی مکمل نہیں کی اور یہ بات آج بھی کہیں نہ کہیں میرے ساتھ رہتی ہے۔ میرے پاس تعلیم جاری رکھنے کا موقع تھا لیکن میں فلموں کی دنیا میں آگئی اور گیارہویں جماعت کے بعد پڑھائی جاری نہیں رکھ سکی۔ اب میں چاہتی ہوں کہ میرے بیٹے تیمور اور جے پہلے اپنی تعلیم مکمل کریں اور اس کے بعد اپنے شوق کے مطابق کیریئر کا فیصلہ کریں۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے اپنی تعلیم مکمل نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو اس معاملے میں مختلف راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں کرینہ نے بتایا کہ اداکاری کے شعبے میں آنے کے باعث وہ گیارہویں جماعت کے بعد اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس وقت ان کے پاس مزید پڑھنے کا موقع موجود تھا لیکن فلمی مصروفیات کی طرف آنے کے بعد تعلیم پیچھے رہ گئی اور اس کا احساس انہیں آج بھی ہوتا ہے۔
کرینہ نے اپنے بیٹوں تیمور اور جہانگیر کی پرورش کے حوالے سے بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ دونوں بچے پہلے اپنی تعلیم مکمل کریں اور پھر جس شعبے میں دل چاہے اسے بطور کیریئر منتخب کریں۔
اداکارہ نے بچوں کی جذباتی تربیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی حفاظت صرف ماؤں کی ذمہ داری نہیں بلکہ لڑکوں اور مردوں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار سمجھنا چاہیے۔ وہ اپنے بیٹوں کو جذبات کا اظہار کرنے اور ضرورت پڑنے پر رونے سے نہ گھبرانے کی ترغیب دیتی ہیں۔
کرینہ کے مطابق حساس ہونا صرف لڑکیوں سے منسوب نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکوں اور مردوں کو بھی اپنے جذبات سمجھنے اور انہیں کھل کر بیان کرنے کا حق ہے۔
فلم ’دائرہ‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کرینہ نے بتایا کہ اس کے بعض مناظر نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ اداکاری کے دوران انہیں جذباتی ہونے کے لیے کسی مصنوعی ذریعے کی ضرورت نہیں پڑی۔ ان کے مطابق ایک منظر خاص طور پر اس سوچ کو چیلنج کرتا ہے کہ کسی غلطی کا الزام ہمیشہ لڑکی پر ہی عائد کیا جائے۔