عامر خان کو اکشے کھنہ نے ایک نہیں، 17 تھپڑ مارے، ’گال واقعی سوج گیا تھا‘

image

یہ کام کرتا ہے، آپ جانتے ہیں۔ جب آپ کسی کو حقیقت میں تھپڑ مارتے ہیں تو سین زیادہ جاندار لگتا ہے۔ اسی لیے میں بار بار یہ سین کرنے کے لیے تیار تھا، کیونکہ اس طرح میں کردار اور اس کیفیت میں زیادہ بہتر طریقے سے داخل ہو رہا تھا۔

بالی ووڈ کی مقبول فلم ’دل چاہتا ہے‘ کو ریلیز ہوئے 25 سال مکمل ہوگئے ہیں، لیکن فلم سے جڑی کچھ یادیں آج بھی مداحوں کو حیران کردیتی ہیں۔ فلم کی سلور جوبلی کے موقع پر کاسٹ اور ٹیم دوبارہ اکٹھی ہوئی تو گفتگو کے دوران ایک ایسا دلچسپ انکشاف سامنے آیا جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

فلم کے ایک مشہور سین کا ذکر کرتے ہوئے ہدایت کار فرحان اختر نے بتایا کہ اکشے کھنہ نے عامر خان کو حقیقت میں تھپڑ مارے تھے۔ عامر نے صرف ایک یا دو مرتبہ نہیں بلکہ اس سین کو حقیقت کے قریب رکھنے کے لیے متعدد بار تھپڑ کھائے۔

فرحان اختر کے مطابق انہوں نے شوٹنگ سے پہلے عامر خان کو واضح طور پر بتا دیا تھا کہ اکشے کھنہ انہیں واقعی تھپڑ ماریں گے، جس پر عامر نے رضامندی ظاہر کی۔ ہدایت کار نے اکشے سے کہا کہ وہ عامر کو اس وقت تھپڑ ماریں جب وہ ڈائیلاگ بول رہے ہوں، تاکہ ان کا اچانک ردعمل مصنوعی محسوس نہ ہو۔

سین کی شوٹنگ کے دوران عامر خان خود بھی اسے بار بار دہرانے پر اصرار کرتے رہے۔ فرحان کے مطابق اداکار کا خیال تھا کہ حقیقی تھپڑ سے منظر کی شدت اور جذبات زیادہ قدرتی انداز میں سامنے آئیں گے۔

سین مکمل ہونے تک عامر خان کے گال پر سوجن اور تھپڑ کا نشان بھی واضح ہوگیا تھا تاہم فلم میں یہی حقیقی ردعمل منظر کو زیادہ جاندار بنانے میں کامیاب رہا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’دل چاہتا ہے‘ میں صرف عامر خان ہی نے تھپڑ نہیں کھائے تھے۔ فلم میں سیف علی خان کی گرل فرینڈ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ سوچترا پلئی نے بھی ایک سین میں سیف کو تین تھپڑ مارے تھے۔

سوچترا نے بتایا کہ ابتدا میں وہ کافی گھبرا گئی تھیں اور فرحان اختر سے پوچھا تھا کہ سیف علی خان کو واقعی تھپڑ کیسے ماریں۔ ہدایت کار نے انہیں تھیٹر کی طرح صرف اشارہ کرنے کے بجائے حقیقت میں تھپڑ مارنے کو کہا۔

سوچترا کے مطابق بعد میں جب ان کی ملاقات سیف علی خان کی والدہ اور سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور سے ہوئی تو انہوں نے اس واقعے کا ذکر کیا۔ شرمیلا ٹیگور نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ انہیں امید ہے کہ تھپڑ واقعی زور دار لگا ہوگا۔

یاد رہے کہ ’دل چاہتا ہے‘ فرحان اختر کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی۔ عامر خان، سیف علی خان، اکشے کھنہ اور پریتی زنٹا کی یہ فلم 2001 میں ریلیز ہوئی تھی اور دوستی، محبت اور زندگی کے بدلتے رشتوں کی کہانی کے باعث آج بھی بھارتی سنیما کی یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US