ترک ڈرامہ سیریل ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کا مشہور کردار ادا کرنے والے ترکیہ کے 51 سالہ معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ استنبول میں اپنے گھر کے اندر مردہ حالت میں پائے گئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق استنبول کے ضلع Kağıthane میں واقع اپارٹمنٹ میں 3 ستمبر سے اداکار سے رابطہ نہ ہونے پر ان کی دوست اوزلم ای 5 ستمبر کو انہیں دیکھنے پہنچیں تو وہ ایک کرسی پر بے حس و حرکت بیٹھے ہوئے تھے। اطلاع ملنے پر ایمرجنسی طبی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
اوزلم ای نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اداکار لمفک کینسر میں مبتلا تھے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی معائنے میں جسم پر کسی تشدد یا زخم کے نشانات نہیں ملے ہیں۔ موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
1975 میں پیدا ہونے والے سرحات کیلیچ ترکیہ کے فلم اور ڈراما انڈسٹری کے نامور اداکار تھے۔