بھارتی سینئر اداکارہ ممتاز بھی آپ کی عزت ڈرامہ کی مداح

image

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ان دنوں آپ کی عزت کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ عمّیرہ احمد کی تحریر کردہ اس کہانی نے اپنی مضبوط گرفت، حقیقت سے قریب کرداروں اور فنکاروں کی جاندار اداکاری کے باعث ناظرین کی خاص توجہ حاصل کرلی ہے۔

ڈرامے میں عروہ حسین بطور بینا اور احسن خان بطور تابش اپنی اداکاری سے ناظرین کو مسلسل متاثر کر رہے ہیں، تاہم حالیہ اقساط میں بینا اور تابش کے درمیان جیل میں ہونے والا سامنا خاص طور پر زیرِ بحث ہے۔ عروہ حسین نے اس منظر میں جس شدت اور جذبات کے ساتھ اپنے کردار کو نبھایا، اسے مداحوں کے ساتھ ساتھ شوبز سے وابستہ کئی شخصیات نے بھی سراہا۔

مشی خان نے عروہ حسین اور احسن خان کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے بعد انہیں کوئی ایسا ڈرامہ دیکھنے کو ملا جس نے انہیں واقعی متاثر کیا۔ انہوں نے سیفی حسن کی ہدایت کاری اور پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

مشی خان نے عمیرہ احمد کی تحریر کی بھی خصوصی تعریف کی اور اسے اعلیٰ معیار کی رائٹنگ قرار دیا۔ ان کے مطابق کہانی کی مضبوطی ہی وہ عنصر ہے جو ڈرامے کو ناظرین کے لیے مزید دلچسپ بناتا ہے۔

صرف مشی خان ہی نہیں بلکہ عائشہ عمر، سونیا حسین اور مومل شیخ سمیت متعدد فنکاروں نے بھی آپ کی عزت اور اس کے مرکزی کرداروں کی کارکردگی کو پسند کیا۔ اقرا عزیز، زارا نور عباس، یمنیٰ زیدی اور ماورا حسین نے بھی عروہ حسین کی اداکاری کی تعریف کی۔

فرحان سعید نے عروہ حسین کی پرفارمنس کو "شاندار" قرار دیا تو عروہ حسین نے دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے لکھا، "تھینک یو، ہزبینڈ۔"

ڈرامے کی مقبولیت صرف پاکستان تک محدود نہیں رہی۔ بالی ووڈ اداکارہ ممتاز نے بھی آپ کی عزت دیکھنے کا ذکر کرتے ہوئے اسے اپنی پسندیدہ پاکستانی سیریز قرار دیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی اور فنکاروں کی پرفارمنس سرحد پار بھی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

عمیرہ احمد کی تحریر، سیفی حسن کی ہدایت کاری، نینا کاشف اور مومنہ درید کی پروڈکشن جبکہ احسن خان، عروہ حسین، ثانیہ سعید اور نعمان مسعود جیسے تجربہ کار فنکاروں کی موجودگی نے آپ کی عزت کو ان ڈراموں میں شامل کر دیا ہے جن پر ناظرین کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات بھی بات کر رہی ہیں۔

خاص طور پر عروہ حسین کی بطور بینا پرفارمنس اس وقت ڈرامے کا سب سے زیادہ زیرِ بحث پہلو بن چکی ہے، اور حالیہ اقساط کے بعد انہیں ملنے والی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک مضبوط کردار اور مؤثر اداکاری ناظرین کی توجہ کس طرح اپنی جانب کھینچ سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US