معروف بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنی ازدواجی زندگی اور شوہر شیلادتیہ مکھوپادھیائے کے ساتھ گھریلو ذمے داریوں کی تقسیم کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شریا گھوشال نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں شیلادتیہ جیسا شریکِ حیات ملا، جو گھر کے کاموں میں ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔
گلوکارہ کے مطابق ان کے شوہر اپنے برتن خود دھوتے، کچن صاف کرتے اور گھر کے دیگر کاموں میں بھی ہاتھ بٹاتے ہیں۔ شیلادتیہ یہ بھی پسند نہیں کرتے کہ گھر کی تمام ذمے داریاں صرف شریا ہی نبھائیں۔
شریا گھوشال نے بتایا کہ دونوں کی پیشہ ورانہ مصروفیات زیادہ ہیں، اس لیے وہ گھریلو کام مل کر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق شوہر نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ وہ ہر وقت گھر پر موجود رہیں اور جب وہ کئی ماہ تک کام کے سلسلے میں گھر سے دور ہوتی ہیں تو شیلادتیہ ہمیشہ سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان انا کا مسئلہ نہیں اور وہ ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ مصروفیات کو سمجھتے ہیں۔ شریا کے مطابق ان کا بچہ ان کی زندگی کا اہم ترین حصہ ہے اور دونوں مل کر اس کی پرورش پر توجہ دیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شریا گھوشال اور شیلادتیہ کی پہلی ملاقات اسکول کے زمانے میں ہوئی تھی۔ دونوں پہلے دوست بنے اور بعد ازاں ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔ شریا کے کیریئر کے عروج کے دوران دونوں نے تقریباً 10 سال تک اپنے تعلق کو میڈیا سے پوشیدہ رکھا۔ شریا اور شیلادتیہ نے 2015 میں شادی کی جبکہ 2021 میں ان کے ہاں بیٹے دیویان کی پیدائش ہوئی۔