وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے سرکاری اسکولوں کے اوقات میں ایک گھنٹے کی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب اور اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے اس فیصلے کی اطلاع دی۔
سردار شاہ نے بتایا کہ حالات کے پیشِ نظر ہفتے کی چھٹی اور تعلیمی کورس کی مکمل تیاری کے لیے اسکولوں کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا تھا، تاہم تقریب کے دوران تین طالبات کی جانب سے وقت کم کرنے کی درخواست پر انہوں نے اسے فوری طور پر گھٹانے کا فیصلہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ صوبے میں یکساں تعلیمی پالیسی کی تشکیل نہ ہونا اور اسکولوں سے باہر بچوں کی بڑی تعداد ایک سنگین چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں تعلیم پر سب سے کم خرچ کرنے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے 20 ہزار اسکولوں کی دیواریں متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث تعلیمی مراکز کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس وقت بھی لاکھوں بچوں کو کمیونٹی بیسڈ مراکز کے ذریعے تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیرِ تعلیم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پی ایس ڈی پی کے ذریعے تعلیمی مراکز کے لیے فنڈز فراہم کرے۔