میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 آج ملک بھر میں منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار شرکت کریں گے۔ حکام کے مطابق جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی امیدوار امتحان میں بیٹھ سکیں گے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی ٹیسٹنگ سروس کے تحت کیا جا رہا ہے۔
سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کیلئے 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد شامل ہیں۔
سندھ میں مجموعی طور پر 34 ہزار 235 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شرکت کریں گے، جبکہ کراچی میں دو امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ امیدوار این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں امتحان دیں گے۔
لاہور میں ایم ڈی کیٹ کیلئے 6 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 12 ہزار 30 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔ تمام امتحانی مراکز میں داخلی و خارجی راستوں سمیت امتحانی ہالز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے لاہور کے ایم ڈی کیٹ مراکز کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ امتحان کا انعقاد شفاف اور محفوظ ماحول میں یقینی بنایا جاسکے۔