”یہ بریسلٹ میرے لیے صرف زیور نہیں، میرے والد سلیم خان کی محبت اور ایک خاص یاد ہے۔ بچپن میں میں والد کے بریسلٹ سے کھیلا کرتا تھا، پھر جب میں نے فلموں میں کام شروع کیا تو انہوں نے مجھے بھی ایسا ہی بریسلٹ دیا۔ فیروزی پتھر کے بارے میں میرا ماننا ہے کہ یہ منفی اثرات کو جذب کرتا ہے اور اسی وجہ سے کبھی کبھار پتھر چٹخ بھی جاتا ہے۔ میرے بریسلٹ میں کئی پتھر ٹوٹ چکے ہیں، یہ ساتواں پتھر ہے۔“
بولی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے ہاتھ میں نظر آنے والا فیروزی پتھر کا بریسلٹ محض ان کے اسٹائل کی پہچان نہیں بلکہ اس کے ساتھ ایک جذباتی کہانی بھی جڑی ہوئی ہے۔ سلمان کے مطابق اس کی اصل نسبت ان کے والد سلیم خان سے ہے، جو خود بھی اسی طرح کا بریسلٹ پہنا کرتے تھے۔
بچپن میں والد کے بریسلٹ سے کھیلنے کی یاد سلمان کے دل میں رہ گئی، بعد میں سلیم خان نے انہیں بھی ایسا ہی بریسلٹ تحفے میں دیا۔ وقت کے ساتھ یہ تحفہ ان کے لباس اور شخصیت کا مستقل حصہ بن گیا اور آج بھی وہ اسے اکثر اپنے ہاتھ میں پہنے نظر آتے ہیں۔
فیروزی پتھر کے بارے میں سلمان خان کا ایک ذاتی عقیدہ بھی ہے۔ ان کے مطابق یہ پتھر منفی اثرات کو جذب کرتا ہے اور زیادہ دباؤ کی صورت میں چٹخ جاتا ہے۔ وہ بتا چکے ہیں کہ ان کے بریسلٹ کے کئی پتھر ٹوٹ چکے ہیں اور موجودہ پتھر ساتواں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں اس چاندی کے بریسلٹ کی قیمت 2023 میں تقریباً 80 ہزار بھارتی روپے بتائی گئی تھی، جبکہ پتھر اور کاریگری کے معیار کے حساب سے اس کی قیمت ایک لاکھ روپے تک پہنچنے کا بھی ذکر کیا گیا۔
تاہم سلمان کے لیے اس بریسلٹ کی اصل اہمیت اس کی قیمت نہیں بلکہ وہ یاد ہے جو اسے اپنے والد سے جوڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برسوں گزرنے کے باوجود یہ بریسلٹ سلمان خان کے ساتھ مسلسل نظر آتا ہے۔