بیٹی کا قتل اس کے شوہر نے کیا، ٹک ٹاکر ارشمہ کے والد کے سنگین الزامات

image

لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں 25 سالہ ٹک ٹاکر ارشمہ اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ ارشمہ سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کے ساتھ ساتھ بیوٹی سیلون کے کام سے بھی وابستہ تھیں اور گزشتہ دو برس سے اپنے والدین سے الگ رہ رہی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق فلیٹ سے آنے والی شدید بو پر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ارشمہ کی لاش برآمد کی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لاش کئی روز پرانی تھی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوایا گیا جبکہ جسمانی اور کیمیائی نمونے فرانزک جانچ کے لیے بھی ارسال کیے گئے۔

پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کیں اور ابتدائی طور پر خودکشی سمیت دیگر امکانات کا جائزہ لیا۔ تاہم موت کی حتمی وجہ کے بارے میں فیصلہ فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔ بعض تازہ رپورٹس میں پولیس کی جانب سے موت کو خودکشی قرار دینے کا ذکر بھی سامنے آیا ہے، لیکن اس معاملے میں حتمی سرکاری تفصیلات کو ہی فیصلہ کن سمجھا جائے گا۔ دوسری طرف ایک نجی چینل کی جانب سے ارشمہ کے والد کے مبینہ بیانات جاری کیے ہیں جن میں انھوں نے اپنی بیٹی کے شوہر پر قتل کا الزام عائد کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بیٹی نے اکیڈمی کے ٹیچر سے پسند کی شادی کی ہوئی تھی اور چند دن پہلے ہم سے ملنے آئی تو پریشان تھی وہ خودکشی نہیں کرسکتی۔

ارشمہ کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا۔ اس دوران ان کی ذاتی زندگی اور تعلقات سے متعلق مختلف دعوے بھی گردش کر رہے ہیں، تاہم ان باتوں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔ ایسے میں کسی فرد پر الزام عائد کرنا یا ارشمہ کے کردار کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے مناسب نہیں۔

واقعے نے سوشل میڈیا پر ایک اور بحث بھی چھیڑ دی ہے، جہاں بعض صارفین نے واقعے کو ٹک ٹاک اور نوجوانوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے جوڑا، جبکہ کئی افراد نے رپورٹرز کی جانب سے غیر مصدقہ ذاتی الزامات اور کردار کشی پر بھی اعتراض کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US