ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت نہم جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر مشرف علی راجپوت نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات اور نتائج میں شفافیت بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پروفیسر مشرف علی راجپوت نے تمام پرچوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
ناظم امتحانات احمد خان چھٹو کے مطابق جماعت نہم جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 15 ہزار 244 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 14 ہزار 260 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 984 امیدوار غیر حاضر رہے۔
جنرل گروپ ریگولر میں 10 ہزار 64 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 9 ہزار 530 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 534 امیدوار غیر حاضر رہے۔ ریگولر جنرل گروپ کے ساتوں پرچوں میں 3 ہزار 487 امیدوار کامیاب ہوئے، چھ پرچوں میں 2 ہزار 88، پانچ پرچوں میں ایک ہزار 335، چار پرچوں میں 902، تین پرچوں میں 673، دو پرچوں میں 450 جبکہ ایک پرچے میں 309 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
جنرل گروپ ریگولر میں ساتوں پرچوں میں کامیابی کا مجموعی تناسب 36.59 فیصد رہا۔
دوسری جانب پرائیویٹ جنرل گروپ میں 5 ہزار 180 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 4 ہزار 730 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 450 امیدوار غیر حاضر رہے۔ پرائیویٹ جنرل گروپ کے ساتوں پرچوں میں ایک ہزار 688 امیدوار، چھ پرچوں میں ایک ہزار 279، پانچ پرچوں میں 596، چار پرچوں میں 388، تین پرچوں میں 254، دو پرچوں میں 202 جبکہ ایک پرچے میں 183 امیدوار کامیاب ہوئے۔
پرائیویٹ جنرل گروپ میں ساتوں پرچوں میں کامیابی کا تناسب 35.69 فیصد رہا، جبکہ جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ دونوں کو ملا کر مجموعی کامیابی کا تناسب 36.29 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
نتائج طلبہ و طالبات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں۔