’یہ انتہائی خطرناک ہے‘ نادیہ جمیل کا مفتی طارق مسعود کے بیان پر سخت ردعمل

image

”جو کچھ یہ شخص کہہ رہا ہے، وہ انتہائی خطرناک ہے۔ ایک ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد، زیادتی اور قتل جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے اور عورتوں سے نفرت کا رجحان عام ہوتا جا رہا ہے، ایسے بیانات نفرت کو ہوا دینے کے مترادف ہیں۔ اسلام کی تعلیمات اور ان خواتین کی خدمات پر بات کرنے کے لیے کسی کا عالم ہونا ضروری نہیں جو مسلم دنیا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام بنا چکی ہیں۔“

پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے مفتی طارق مسعود کے ایک وائرل بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف نفرت کو بڑھاوا دینے والا اور خطرناک قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مفتی طارق مسعود مبینہ طور پر مردوں کی چار شادیوں کی ترغیب دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں وہ تین شادیوں والے مردوں کو اپنے قریب نہ آنے کا کہتے ہیں اور ہر مرد کی چار شادیاں ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

اسی بیان میں بیوہ یا مطلقہ خاتون سے شادی کرنے کی ترغیب کے بعد تیسری شادی کے لیے کنواری لڑکی کا ذکر بھی کیا گیا، جبکہ کم عمر لڑکیوں سے متعلق ایک انتہائی متنازع بات بھی ویڈیو میں سنائی دیتی ہے۔

یہ کلپ ڈیجیٹل کریئیٹر اریج جمیل نے انسٹاگرام پر شیئر کیا، جسے بعد میں نادیہ جمیل نے اپنی اسٹوری پر دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب خواتین پہلے ہی تشدد اور جنسی جرائم جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہیں، اس نوعیت کی گفتگو معاشرے میں مزید نقصان دہ سوچ کو تقویت دے سکتی ہے۔

نادیہ جمیل کے ردعمل کے بعد دیگر معروف شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی بیان پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے متعلقہ اداروں سے کارروائی کا مطالبہ کیا جبکہ کئی لوگوں نے کم عمر بچیوں سے متعلق مبینہ ریمارکس کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایسے بیانات پر قانونی کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔

مذہبی اور سماجی معاملات پر اختلافِ رائے اپنی جگہ، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ عوامی سطح پر اثر رکھنے والی شخصیات کی گفتگو میں خواتین اور بچوں سے متعلق الفاظ کا انتخاب انتہائی ذمہ داری سے ہونا چاہیے، خصوصاً ایسے معاشرے میں جہاں تشدد اور جنسی جرائم پہلے ہی ایک سنگین مسئلہ ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US