وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھٹو اسٹیم آکسفورڈ اسکالرشپ پروگرام 2026-27 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے فل فنڈڈ اسکالرشپ حاصل کرنے والے تمام طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
تقریب میں کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری سندھ، آکسفورڈ یونیورسٹی کے نمائندگان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں اور آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے تعاون سے اس انقلابی انیشی ایٹو کی بنیاد رکھی گئی، جس کے تحت سندھ کے باصلاحیت طلبہ کو مالی مشکلات کے باوجود میرٹ کی بنیاد پر دنیا کی ممتاز ترین درسگاہ تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانچ ہونہار سپوتوں مس فائزہ رحمان، مس امرتا چانڈیو، میر مصور علی، فرجاد شاہد حسن اور جنید احمد میمن نے اپنی محنت سے ثابت کر دیا ہے کہ میرٹ کسی جغرافیائی حد کا پابند نہیں ہوتا۔ ان کامیاب طلبہ میں سے تین کا تعلق کورنگی سے ہے جو کہ علاقے اور پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
سید مراد علی شاہ نے اس کامیابی کو پورے صوبے کے لیے ایک نادر تحفہ اور نئی تاریخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اپنے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر آن پرعزم ہے۔ آکسفورڈ کے ساتھ یہ شراکت داری اسکالرز، محققین اور مستقبل کے معماروں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اسکالرز اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور آکسفورڈ سے علم، تحقیق اور نئے خیالات سمیٹ کر سندھ اور پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔