”سیف علی خان اور میں دو مختلف انداز کے اداکار ہیں۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ میں کوئی اسکرپٹ پڑھ کر کہتی ہوں کہ مجھے یہ پسند نہیں آئی، تو سیف مجھے کہتے ہیں کہ تم بہت سخت گیر ہو۔ پھر میں جواب دیتی ہوں کہ جاؤ، آپ خود کرلو۔ کرشمہ اور سیف وہ لوگ ہیں جو مجھے سب سے زیادہ کھری رائے دیتے ہیں، لیکن ہم ایک دوسرے کے کام میں زیادہ مداخلت نہیں کرتے کیونکہ فنکار اپنے کام کے معاملے میں حساس ہوتے ہیں۔“
بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ فلمی اسکرپٹس کے انتخاب کے معاملے میں ان کے شوہر سیف علی خان سے اکثر اختلاف ہوجاتا ہے۔ کرینہ کے مطابق دونوں اداکاری کے حوالے سے ایک دوسرے سے کافی مختلف سوچ رکھتے ہیں، اسی لیے کسی اسکرپٹ کو پسند یا مسترد کرنے پر ان کی رائے ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہوتی۔
کرینہ نے بتایا کہ جب وہ سیف کی پسند کی کسی فلم کو یہ کہہ کر ٹھکرا دیتی ہیں کہ انہیں اس کی کہانی متاثر نہیں کرتی تو سیف انہیں “سخت گیر” قرار دیتے ہیں، جس پر وہ مذاقاً کہتی ہیں کہ پھر آپ خود یہ فلم کرلیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک ہی شعبے سے وابستہ ہونے کے باوجود وہ دونوں ایک دوسرے کے پروفیشنل فیصلوں میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کرتے ہیں، کیونکہ ہر فنکار اپنے کام کو لے کر حساس ہوتا ہے۔ دوسری جانب کرینہ ان دنوں میگھنا گلزار کی فلم ’دائرہ‘ کی تیاری میں مصروف ہیں، جبکہ سیف علی خان کی اکشے کمار کے ساتھ فلم ’حیوان‘ 11 ستمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔