"استغفراللہ، یہ شخص بچوں کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔"
"صرف پیسہ کمانے سے انسان میں سمجھ اور شعور نہیں آتا، حساس، مہربان اور دوسروں کے دکھ کو سمجھنے کے لیے تربیت اور تعلیم بھی ضروری ہے۔"
"جو لوگ پہلے ایسے شخص کا دفاع کرتے تھے، وہ اب کہاں ہیں؟ اس طرح کی زبان استعمال کرنے پر کوئی جواب کیوں نہیں دیتا؟"
"یہ اس کی پرورش، سوچ اور ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔"
پاکستان کے معروف ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ ایک بار پھر اپنے متنازع بیان کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ اس مرتبہ معاملہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے انتہائی حساس موضوع پر کیے گئے ایک نامناسب مذاق کا ہے جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
رجب بٹ نے زید علی کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو کے دوران ان کے چہرے کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بچوں سے جنسی زیادتی سے متعلق انتہائی نامناسب جملہ بطور مذاق کہا۔ لائیو سیشن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد صارفین نے اسے غیر حساس اور ناقابلِ قبول قرار دیا۔
انسٹاگرام پیج ’اعلان ٹوڈے‘ نے بھی یہ کلپ شیئر کرتے ہوئے رجب بٹ کے بیان پر تنقید کی۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ بچوں کے جنسی استحصال جیسے سنگین جرم کو مذاق کا موضوع بنانا معاشرے میں ایسے جرائم کے حوالے سے حساسیت کم کرنے اور متاثرین کے دکھ کو معمولی سمجھنے کا سبب بن سکتا ہے۔
رجب بٹ پاکستان کے مقبول ڈیجیٹل کریئیٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور یوٹیوب پر ان کے تقریباً 90 لاکھ، انسٹاگرام پر 30 لاکھ جبکہ ٹک ٹاک پر تقریباً 10 لاکھ فالوورز ہیں۔ وہ ان دنوں مختلف ڈیجیٹل کریئیٹرز کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو بھی کرتے ہیں اور ان کے مطابق لائیو سیشنز کے ذریعے انہیں اچھی خاصی آمدنی حاصل ہوتی ہے۔
حالیہ بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بعض صارفین نے رجب بٹ کے خلاف قانونی کارروائی اور ان کے آن لائن مواد پر پابندی لگانے کی درخواست بھی کی، جبکہ کئی افراد نے سرکاری اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ٹیگ کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے