بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی ایک حالیہ بین الاقوامی پرفارمنس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جہاں انہوں نے برصغیر کے عظیم موسیقی کے استاد نصرت فتح علی خان کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دلجیت دوسانجھ کا شمار موجودہ صدی کے نمایاں جنوبی ایشیائی فنکاروں میں ہوتا ہے۔ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گلوکار نے اپنی موسیقی اور پنجابی ثقافت کی نمائندگی کو سرحدوں سے آگے پہنچایا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں بھی انہیں بڑی تعداد میں مداح پسند کرتے ہیں۔
حالیہ عالمی کنسرٹ کے دوران دلجیت نے لیجنڈری پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان کا معروف گیت سانسوں کی مالا پیش کیا۔ جیسے ہی یہ دھن گونجی، ہزاروں افراد پر مشتمل مجمع نے پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا، جبکہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلجیت کے اس اقدام کو خوب پسند کیا۔
نصرت فتح علی خان کو دنیا سے رخصت ہوئے تقریباً تین دہائیاں گزر چکی ہیں، لیکن ان کی آواز اور موسیقی آج بھی پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیا اور دنیا کے مختلف حصوں میں سنی جاتی ہے۔ بھارتی شائقین میں بھی ان کے فن کی خاص پذیرائی ہے اور دلجیت کا ان کے گیت کو عالمی اسٹیج پر پیش کرنا اسی دیرپا مقبولیت کی ایک جھلک بن گیا۔
پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دلجیت کو نصرت فتح علی خان کے لیے احترام کا اظہار کرنے پر سراہا۔ کئی لوگوں نے اسے موسیقی کی وہ خوبصورت مثال قرار دیا جس میں سرحدیں، سیاست اور اختلافات پس منظر میں چلے جاتے ہیں اور فن لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لے آتا ہے۔