"میں اپنے بچوں کے ہاتھ میں موبائل فون دینے کے معاملے میں بہت محتاط ہوں۔ میرے بیٹوں کو ذاتی موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ اگر وہ کسی کے فون سے کھیل میں مصروف ہوجائیں تو مجھے کئی بار ان کے ہاتھ سے فون لینا پڑتا ہے۔ میں ڈیجیٹل دنیا اور خاص طور پر ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات کو لے کر بھی کافی فکر مند ہوں۔"
بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے بیٹوں تیمور اور جے کی پرورش سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے گھر میں بچوں کے موبائل فون استعمال کرنے کے حوالے سے واضح اصول موجود ہیں۔
45 سالہ اداکارہ کے مطابق تیمور کے پاس اپنا موبائل فون نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیمور کی آیا کے پاس فون موجود ہے جسے وہ کبھی کبھار اپنا سمجھ لیتا ہے، لیکن کرینہ اسے واضح طور پر بتاتی ہیں کہ یہ اس کا فون نہیں۔ یہاں تک کہ تیمور نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے دوستوں کو یہ بتا سکتا ہے کہ فون اس کا ہے، تاہم اداکارہ نے اس کی بھی اجازت نہیں دی۔
کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے مکمل طور پر دور نہیں رکھتیں، کیونکہ وہ خود بھی انہیں اور اپنے والد سیف علی خان کو موبائل فون استعمال کرتے دیکھتے ہیں۔ تاہم وہ اس بات پر نظر رکھتی ہیں کہ بچے اسکرین کے سامنے کتنا وقت گزار رہے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب بچے موبائل پر مسلسل گیم کھیلنے لگتے ہیں تو انہیں خود مداخلت کرکے فون واپس لینا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا استعمال بھی والدین کے لیے ایک اہم تشویش بن چکا ہے۔
دوسری جانب کرینہ کپور اپنی نئی فلم ’دائرہ‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں پرتھوی راج سوکمارن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ فلم 18 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔