"جب ہم ڈیٹنگ کر رہے تھے تو میں نے پہلی بار اروہ کو فلم ’نامعلوم افراد‘ میں اداکاری کرتے دیکھا تھا۔ اسی وقت مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ کتنی اچھی اداکارہ ہیں۔ ’آپ کی عزت‘ میں وہ بطور بینا وہی بات کہہ رہی ہیں جس پر وہ خود یقین رکھتی ہیں۔ وہ حقیقی زندگی میں بھی کسی مرد کو اپنی بیوی کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔"
اداکار و گلوکار فرحان سعید نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ عروہ حسین کی ڈراما ’آپ کی عزت‘ میں اداکاری کو سراہتے ہوئے ان کے کردار بینا کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
فرحان سعید اور عروہ حسین کا شمار شوبز کی ان جوڑیوں میں ہوتا ہے جن کی محبت اور رفاقت کو مداحوں نے شروع سے ہی پسند کیا۔ دونوں نے کم عمری میں ایک دوسرے کو پسند کرنا شروع کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی جگہ کامیاب فنکار بن گئے۔
اس وقت دونوں اداکار ٹیلی ویژن پر بھی اپنی اداکاری سے توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ فرحان سعید ڈراما ’بس تیرا ساتھ ہو‘ جبکہ عروہ حسین ’آپ کی عزت‘ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
’آپ کی عزت‘ میں عروہ حسین کا کردار بینا ناظرین کی خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔ بینا کے کردار میں محبت، جذبات اور خودداری کو جس انداز میں پیش کیا گیا ہے، اسے مداحوں کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔
فرحان سعید کے مطابق عروہ حسین کی اداکاری کا یہ سفر ان کے لیے نیا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے، تب ہی انہوں نے عروہ کو ’نامعلوم افراد‘ میں اداکاری کرتے دیکھا تھا اور اس وقت انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ اروہ ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں۔
فرحان کا کہنا تھا کہ ’آپ کی عزت‘ میں بینا کے ذریعے اروہ ان خیالات کو بھی سامنے لا رہی ہیں جن پر وہ خود حقیقی زندگی میں یقین رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق اروہ کسی بھی مرد کی جانب سے اپنی بیوی کی بے عزتی کو قبول نہیں کرتیں۔
بینا کے کردار نے ڈرامے کی کہانی کے ساتھ ساتھ ناظرین کے درمیان کئی سماجی موضوعات پر بحث بھی چھیڑ دی ہے، یہی وجہ ہے کہ عروہ حسین کی اس پرفارمنس کو ان کے کیریئر کی نمایاں اداکاریوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔