پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کے جسم پر بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والی تنقید کے معاملے پر ان کا ساتھ دیتے ہوئے لوگوں کو خواتین کے بارے میں غیر ضروری رائے قائم کرنے سے گریز کرنے کا پیغام دیا ہے۔
علی ظفر بالی ووڈ میں بھی کامیاب اداکاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے کئی بھارتی فلموں میں کام کیا، تاہم پاک بھارت کشیدگی کے باعث انہیں اپنا بالی ووڈ کیریئر روک کر پاکستان واپس آنا پڑا۔ وہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
کترینہ کیف کا شمار بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ اداکار وکی کوشل کی اہلیہ ہیں اور حال ہی میں دونوں کے ہاں پہلے بچے، بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ بچے کی پیدائش کے بعد کترینہ نے فلموں سے وقفہ لے رکھا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ کی ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی جس میں ان کا جسم پہلے کے مقابلے میں قدرے مختلف دکھائی دیا۔ بچے کی پیدائش کے بعد جسم میں آنے والی اس قدرتی تبدیلی پر سوشل میڈیا کے کچھ صارفین نے کترینہ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
علی ظفر نے کترینہ کو تنقید کا نشانہ بنتے دیکھا تو سوشل میڈیا پر ان کے حق میں آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کو ہر معاملے میں جج کرنا بند کیا جائے، کیونکہ ہر انسان اپنی زندگی میں مختلف مراحل سے گزر رہا ہوتا ہے اور کسی کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔
علی ظفر کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا پر بھی پذیرائی ملی۔ کئی صارفین نے ان کے پیغام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کے جسم کو، خاص طور پر بچے کی پیدائش کے بعد، لوگوں کی تنقید کا موضوع نہیں بنانا چاہیے۔
کترینہ کیف کے معاملے پر سامنے آنے والا یہ ردعمل ایک بار پھر اس بحث کو نمایاں کر رہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی اور جسمانی تبدیلیوں کو عوامی تبصروں کا موضوع بنانے کا رجحان کہاں تک مناسب ہے۔