بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کا نام لیے بغیر ماں بننے کے بعد ان کے وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ کی حالیہ قسط میں سلمان خان نے مشہور شخصیات کے جسم، حلیے اور ذاتی زندگی کو تنقید کا نشانہ بنانے والے سوشل میڈیا صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ دوسروں کو نیچا دکھا کر سوشل میڈیا سے آمدنی حاصل کرتے ہیں جو ان کی سوچ اور تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ ماں بننے کے بعد وزن میں اضافہ ایک فطری عمل ہے اور اداکارہ جب دوبارہ فلموں میں واپسی کریں گی تو خود کو فٹ کرلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کترینہ کیف کو اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے دینا چاہیے۔
اداکار نے خود پر ہونے والی سوشل میڈیا ٹرولنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور 60 برس کی عمر میں وہ ہمیشہ ’میں نے پیار کیا‘ کے ہیرو کی طرح نظر نہیں آسکتے۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف حال ہی میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ امبانی خاندان کی تقریبات میں شریک ہوئی تھیں، جہاں ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ بعد ازاں بعض صارفین نے ان کے وزن اور ظاہری حلیے پر نامناسب تبصرے کیے تھے۔