کینیڈین گلوکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2015 میں سلمان خان کے رئیلیٹی شو ’بگ باس 9‘ میں شرکت ایک خاص شرط پر قبول کی تھی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نورا فتیحی نے بتایا کہ ’بگ باس 9‘ کی پیشکش کے وقت وہ مالی مشکلات سے دوچار تھیں اور کئی گانوں میں کام کرنے کے باوجود انہیں معاوضہ نہیں مل رہا تھا۔
نورا کے مطابق انہوں نے ابتدا میں شو میں شرکت سے انکار کردیا تھا، تاہم معاوضے کی پیشکش کے بعد وہ رضامند ہوگئیں۔ ان کی شرط تھی کہ ’بگ باس‘ میں شرکت کے ساتھ انہیں اسی چینل کے ڈانس ریئلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی شرکت کا موقع دیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسرز نے ان کی شرط مان لی اور انہیں ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی موقع مل گیا۔ نورا فتیحی ’بگ باس 9‘ میں وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے شامل ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ نورا فتیحی نے رواں برس ’سلے ٹو دی ردھم‘ اور بادشاہ کے ساتھ ’ساجن رے‘ سمیت مختلف پروجیکٹس میں کام کیا ہے، جبکہ انہیں رجنی کانت کی فلم ’جیلر 2‘ میں خصوصی ڈانس نمبر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔