پاکستان کی سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنی تیسری شادی اور سابقہ زندگی پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی اور دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی، جبکہ انہوں نے تیسری شادی فلم انڈسٹری سے وابستہ معروف ڈسٹری بیوٹر طارق میندرو سے کی، جس کو اب 14 سال بیت چکے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی شادیوں کے بعد وہ تنہا رہ گئی تھیں جس پر طارق میندرو نے انہیں کئی بار شادی کی پیشکش کی۔ انہوں نے سوچا کہ بڑھاپے میں انسان کو ایک ہمراہی کی ضرورت ہوتی ہے۔
سنگیتا نے اپنے موجودہ شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ گالم گلوچ کرتے ہیں، نہ خواتین پر ہاتھ اٹھاتے ہیں اور نہ ہی بلاوجہ جھگڑا کرتے ہیں۔ غصے کی حالت میں ایک دوسرے کی خاموشی ہی ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کا راز ہے۔
اپنی سابقہ شادیوں کا احوال بتاتے ہوئے سنگیتا نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہوں نے شدید گھریلو تشدد برداشت کیا، یہاں تک کہ وہ جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ اسٹوڈیو پہنچا کرتی تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی رشتے میں جسمانی تشدد سب سے بڑا خطرہ ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے ماضی میں طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا، کیونکہ اگر جسم کا کوئی حصہ ناکارہ ہوجائے تو اسے کاٹ دینا ہی بہتر ہوتا ہے۔