نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے کنسرٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں پرفارمنس کے دوران ایک مداح کی جانب سے اسٹیج پر موبائل فون پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو کے مطابق عاطف اسلم اسٹیج پر گانا گا رہے تھے کہ اچانک ایک فون ان کے پاس آ گرا۔ اس پر انہوں نے گانا روک کر فون اٹھایا، اسے دیکھا اور پھر مداحوں کے سامنے بلند کر کے دکھاتے ہوئے کہا کہ فون ہی اسٹیج پر پھینک دیا، یہ تو اب تک ٹوٹ چکا ہوگا۔
ویڈیو میں ایک اور مداح کو اسٹیج کی طرف سبز دوپٹہ پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر کنسرٹس کے دوران شائقین کے رویے اور آداب سے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
واضح رہے کہ عاطف اسلم کا شمار پاکستان اور دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے صفِ اول کے گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے شوبز سفر کا آغاز معروف میوزک بینڈ ’جل‘ سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے سولو کیریئر میں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
انہوں نے متعدد پاکستانی اور بالی ووڈ فلموں کے لیے سپرہٹ گانے گائے، جبکہ 2011ء میں فلم ’بول‘ سے اداکاری کا آغاز بھی کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈرامہ سیریل ’سنگِ ماہ‘ سے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا، جس میں کبریٰ خان اور ہانیہ عامر جیسے نامور فنکاروں نے اداکاری کی تھی۔