صبا فیصل کا طلاق پر ایسا بیان کہ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

image

"پہلے جب کسی خاندان میں طلاق ہوتی تھی تو لوگ تین ماہ تک سوگ مناتے تھے۔ ایک باقاعدہ غم کا وقت ہوتا تھا، باپ بھی لوگوں کا سامنا نہیں کر پاتے تھے۔ لیکن اب یہ معمول بنتا جارہا ہے۔ آپ کسی دوست کو فون کرکے پوچھیں کہ اس کا شوہر کیسا ہے تو وہ کہتی ہے کہ میری طلاق کو کئی ماہ ہوچکے ہیں اور میں ذہن ہلکا کرنے کے لیے بیرون ملک سے ہوکر آئی ہوں۔ آج کل یہ سب ہورہا ہے اور حالات خراب ہوتے جارہے ہیں۔"

پاکستانی اداکارہ صبا فیصل ایک بار پھر اپنے ایک بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی ہیں۔ اداکارہ نے واسع چوہدری کے پروگرام ’گپ شپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے معاشرے میں طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے رویوں پر اپنی رائے کا اظہار کیا، تاہم ان کے الفاظ نے سوشل میڈیا صارفین کو دو مختلف آرا میں تقسیم کردیا۔

صبا فیصل نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے خاندان میں طلاق کا واقعہ انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق کسی گھر میں طلاق ہوجانے پر اہل خانہ طویل عرصے تک اس صدمے میں رہتے اور اسے ایک بڑے خاندانی سانحے کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔

اداکارہ نے موجودہ دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب طلاق کے بعد لوگوں کا رویہ تبدیل ہوگیا ہے اور بعض افراد اسے زندگی کا ایک معمول کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس تبدیلی کو معاشرے کے لیے تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالات بگڑتے جارہے ہیں۔

صبا فیصل کا یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھانا شروع کردیے۔ بعض لوگوں نے ان کے مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ہر طلاق کے پیچھے مختلف حالات ہوتے ہیں اور کسی شخص کے لیے خراب ازدواجی رشتے میں رہنے کے بجائے علیحدگی اختیار کرنا بھی ایک ذاتی فیصلہ ہوسکتا ہے۔

ایک صارف نے لکھا، "براہِ کرم انہیں پروگرامز میں بلانا بند کریں۔"

ایک اور نے سوال کیا، "وہ طلاق کو غلط عمل قرار دینے سے کیا مراد لے رہی ہیں؟"

ایک صارف نے لکھا، "آج کل لوگوں نے حلال چیز کو حرام بنا دیا ہے۔"

ایک اور صارف کا کہنا تھا، "کیونکہ آج کل کوئی بھی خراب شادی میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا۔"

کچھ صارفین نے صبا فیصل کی سوچ کو دقیانوسی قرار دیا، جبکہ ایک صارف نے تبصرہ کیا، "اسی لیے ہماری پچھلی نسلیں ایسی سوچ رکھتی تھیں۔"

یوں صبا فیصل کا طلاق سے متعلق بیان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گیا، جہاں صارفین نے ازدواجی زندگی، طلاق اور معاشرتی رویوں میں آنے والی تبدیلیوں پر اپنی اپنی آرا کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US