’ویلکم‘ کے معروف اداکار مشتاق خان 57 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

image

بولی ووڈ کے معروف معاون اداکار مشتاق خان 57 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وہ جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں گزشتہ تقریباً 15 روز سے ان کی طبیعت خراب تھی۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی دنیا سے وابستہ کئی شخصیات نے انہیں یاد کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

مشتاق خان نے تقریباً تین دہائیوں پر محیط اپنے فلمی سفر کے دوران متعدد ہندی فلموں میں معاون کردار ادا کیے۔ ’ہم ہیں راہی پیار کے‘، ’عاشقی‘، ’مجھ سے شادی کرو گی‘، ’جوڑی نمبر ون‘ اور ’ویلکم‘ ان کی نمایاں فلموں میں شامل ہیں۔ ’ویلکم‘ میں معذور ہاکی کھلاڑی کا کردار بھی ان کے یادگار کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اداکار کے قریبی دوست راجپال یادیو نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسی روز دوپہر کو مشتاق خان سے ملنے گئے تھے۔ ان کے مطابق مشتاق خان نے انہیں دیکھا، ہاتھ ملایا اور گفتگو پر ردِعمل بھی دیا، تاہم صرف چند گھنٹے بعد ان کے انتقال کی خبر نے انہیں حیران کردیا۔

سنی دیول، انیس بزمی اور سنجے مشرا سمیت دیگر فنکاروں نے بھی مشتاق خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سنجے مشرا نے بتایا کہ مشتاق خان نے ان کی زندگی کے ایک مرحلے میں رہنمائی اور سرپرستی کی تھی اور وہ ضرورت پڑنے پر ان سے مشورہ لیا کرتے تھے۔

مشتاق خان نومبر 2024 میں بھی خبروں میں آئے تھے جب انہیں ایک تقریب میں شرکت کے بہانے اتر پردیش بلایا گیا اور مبینہ طور پر اغوا کرکے تاوان کے لیے قید کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق وہ بعد میں اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

مشتاق خان کے ساتھی فنکاروں نے انہیں صرف باصلاحیت اداکار ہی نہیں بلکہ خوش اخلاق انسان اور اپنے ساتھیوں کی رہنمائی کرنے والی شخصیت کے طور پر بھی یاد کیا ہے۔ ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US