معروف اداکار دانش تیمور اپنے نئے ڈرامے کے ایک جذباتی منظر میں اداکاری کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔ ڈرامے کی حالیہ قسط میں ان کے کردار شاہ داؤد کو والد دستور علی خان کے انتقال کی خبر ملتی ہے، جس کے بعد وہ شدید صدمے اور غم کی کیفیت میں دکھائی دیتے ہیں۔
تاہم کئی ناظرین کو یہ منظر متاثر کن محسوس نہیں ہوا۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے دانش تیمور کے تاثرات کو غیر فطری قرار دیتے ہوئے کہا کہ غم کے اس منظر کو زیادہ سادہ اور فطری انداز میں پیش کیا جاسکتا تھا۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ دانش تیمور کے مداح ہیں، لیکن جذباتی مناظر میں ان کی اداکاری انہیں خاص طور پر متاثر نہیں کرتی، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ سنجیدہ منظر ہونے کے باوجود انہیں اسے دیکھ کر ہنسی آگئی۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ڈرامے میں دانش تیمور کے چہرے کی تبدیلی پر بھی گفتگو کی۔ ان کے مطابق اداکار کا چہرہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ کھچا ہوا اور سخت دکھائی دے رہا ہے، جس کی بنیاد پر بعض صارفین نے قیاس کیا کہ شاید انہوں نے حالیہ دنوں میں بوٹوکس ٹریٹمنٹ کروایا ہے۔ تاہم اس حوالے سے دانش تیمور کی جانب سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔