’’سر ڈھانپے بغیر تسبیح؟‘‘ صنم سعید کے منظر پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید

image

’’ہاتھ میں تسبیح بھی ہے اور سر ڈھکا ہوا نہیں، عبادت کا یہ کیسا انداز ہے؟‘‘

’’تسبیح پڑھتے وقت سر ڈھانپنے کا خیال رکھا جاتا ہے، ڈرامہ بنانے والوں کو ایسے اہم معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘

’’سر ڈھانپے بغیر تسبیح پڑھنے کا منظر دکھانا مناسب نہیں، ڈراموں میں مذہبی مناظر کی عکاسی احتیاط سے ہونی چاہیے۔‘‘

دوسری جانب ایک صارف نے مختلف مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان سر ڈھانپے بغیر بھی تسبیح پڑھ سکتے ہیں، کیونکہ ذکر زبان کے ذریعے کیا جاتا ہے اور اس کے لیے سر ڈھانپنا لازمی نہیں۔

مہرین جبار کی ہدایت کاری اور عالیہ بخاری کی تحریر کردہ پاکستانی ڈرامہ سیریل ’گل بہار‘ کی تیسری قسط نشر ہونے کے بعد ایک مختصر منظر سوشل میڈیا پر خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔ منظر میں اداکارہ صنم سعید کا کردار ہسپتال میں تسبیح پڑھتے دکھائی دیتا ہے، تاہم ان کا سر ڈھکا ہوا نہیں تھا۔

یہی تفصیل بعض ناظرین کو ناگوار گزری اور انہوں نے سوشل میڈیا پر ڈرامے کی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ مذہبی نوعیت کے مناظر پیش کرتے وقت متعلقہ آداب اور روایات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

’گل بہار‘ کی کہانی ایک ایسے میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے جو اولاد کی خواہش رکھتے ہیں، لیکن اس معاملے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کہانی آگے بڑھتے ہوئے شوہر کی دوسری شادی اور خاندان کے اندر پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو بھی موضوع بناتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US