ممبئی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) نے 65 کروڑ 54 لاکھ روپے کے مبینہ ’مٹھی ریور ڈی سلٹنگ اسکام‘ کی تحقیقات کے سلسلے میں بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کو گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ٹیم نے باندرہ میں واقع اداکار کی رہائش گاہ پر تقریباً 8 گھنٹے طویل تفتیش اور سنسنی خیز پوچھ گچھ کے بعد مالی شمولیت کے شواہد ملنے پر انہیں باقاعدہ حراست میں لیا۔
ممبئی کی مٹھی ندی کی صفائی اور کنٹریکٹس کی تقسیم میں ہونے والے اس مبینہ گھپلے میں گرفتاری کے بعد ڈینو موریا کو طبی معائنے کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔