پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ وہ اپنی حقیقی عمر 70 سال بتانے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا عار محسوس نہیں کرتیں اور فخر کے ساتھ بتاتی ہیں کہ وہ زندگی کی 70 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔
ایک حالیہ تقریب کے دوران عمر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنی عمر نہیں چھپائی۔ انہوں نے بتایا کہ جب کسی نے ان سے عمر نہ چھپانے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ان کی کون سی فلمیں سینما گھروں میں چل رہی ہیں جو وہ عمر چھپاتی پھریں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر 70 برس کی عمر میں بھی انسان 50 سال کا نظر آئے تو یہ ایک خوش آئند اور مثبت بات ہے۔
اپنے دبلاپے سے متعلق بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ پنجاب سے تعلق ہونے کے باعث لوگ اکثر انہیں پتلی اور کمزور کہا کرتے تھے، تاہم ہمیشہ کم وزن کے ساتھ زندگی گزارنے کا فائدہ اب انہیں اس عمر میں جسمانی ساخت کی صورت میں مل رہا ہے۔