بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں معروف پنجابی انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مد سندھو (اصل نام مدھوسودن) کو موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام پیش آیا، جہاں وہ سڑک پر شدید زخمی حالت میں ملے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سری وینیلا نے واقعے کی تصدیق کی ہے، جبکہ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ قتل کے بعد ’گولڈی ڈھلون‘ نامی فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کے ذریعے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس میں مقتول پر معاشرتی اقدار کو متاثر کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ پولیس نے اس سوشل میڈیا پوسٹ کو بھی اپنی تحقیقاتی عمل کا حصہ بنا لیا ہے۔
مد سندھو نے اپنے کیریئر کا آغاز فیشن اسٹائلسٹ اور اسسٹنٹ کاسٹیوم ڈیزائنر کے طور پر کیا تھا۔ بعد ازاں وہ انسٹاگرام ریلز، میک اپ ٹیوٹوریلز، پرتعیش طرزِ زندگی اور صنفی و سماجی موضوعات پر بے باک گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی شہرت حاصل کر چکے تھے۔