بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زینت امان نے اپنی زندگی میں بے پناہ شہرت حاصل کی، لیکن ان کی ازدواجی زندگی کئی مشکلات سے گزری۔ اداکارہ نے ماضی کے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ شوہر مظہر خان کے مبینہ افیئر کا علم ہونے کے باوجود انہوں نے برسوں شادی کو بچانے کی کوشش کی۔
زینت امان نے 1985 میں اداکار مظہر خان سے شادی کی تھی۔ ان کے مطابق شادی کے پہلے ہی سال انہیں محسوس ہوگیا تھا کہ ان کا فیصلہ درست نہیں، تاہم خاندان کی مخالفت کے باوجود اپنی مرضی سے شادی کرنے کے باعث وہ اس رشتے کو کامیاب بنانا چاہتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق پہلے بچے کی پیدائش کے وقت ہی انہیں مظہر خان کے دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات کے بارے میں معلوم ہوا۔ وہ شادی ختم کرنا چاہتی تھیں لیکن اپنے بچوں کی وجہ سے انہوں نے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
زینت امان نے بتایا کہ وہ چھوٹے بیٹے کے پانچ سال کا ہونے کے بعد علیحدگی اور دوبارہ کیریئر شروع کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں، مگر اسی دوران مظہر خان شدید بیمار ہوگئے۔ شوہر کی حالت دیکھ کر انہوں نے اپنا فیصلہ مؤخر کردیا اور کئی سال ان کی دیکھ بھال میں گزار دیے۔
اداکارہ کے مطابق وہ مظہر خان کے علاج کے لیے ممبئی کے مختلف اسپتالوں میں جاتی رہیں اور بہتر طبی سہولت کی تلاش میں بیرون ملک بھی گئیں۔ انہوں نے انجیکشن لگانے، ڈریسنگ کرنے اور ضروری طبی دیکھ بھال کے طریقے تک سیکھ لیے تھے۔
زینت امان کا کہنا تھا کہ مسلسل تیمارداری نے ان کی اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو بھی بری طرح متاثر کیا۔ مظہر خان کی طبی حالت میں بہتری آنے کے بعد انہیں درد کش ادویات کے زیادہ استعمال کا مسئلہ درپیش ہوا، جس سے حالات دوبارہ خراب ہونے لگے۔
اداکارہ کے مطابق مسلسل کوششوں کے باوجود جب صورتحال نہ بدلی تو انہوں نے بالآخر علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ مظہر خان 1998 میں گردوں کی خرابی کے باعث انتقال کرگئے۔
زینت امان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ مظہر خان کے انتقال کے بعد سسرال والوں نے انہیں آخری دیدار تک نہیں کرنے دیا۔ ان کے مطابق شوہر کی والدہ اور بہن نے ان کے مالی معاملات اور موجود رقم پر بھی قبضہ کرلیا تھا۔
زینت امان کی زندگی کا یہ دور ان کی فلمی کامیابیوں کے برعکس ذاتی سطح پر انتہائی مشکل رہا جس کے بارے میں وہ بعد کے برسوں میں کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔