’’ہانیہ عامر بہت زیادہ آؤٹ آف کنٹرول ہوگئی ہیں، وہ بہت اچھی ہیں لیکن انہیں اپنے لیے ایک حد مقرر کرنی چاہیے۔ وہ پاکستان کا چہرہ ہیں، اس لیے انہیں اپنے رویے کا خیال رکھنا چاہیے۔‘‘
سابق سپر ماڈل اور اداکارہ جیا علی نے مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے رویے اور انداز میں حدود کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
جیا علی حال ہی میں پروگرام ’’پبلک ڈیمانڈ‘‘ میں شریک ہوئیں، جہاں ان سے ہانیہ عامر اور درفشاں سلیم میں سے کسی ایک اداکارہ کا انتخاب کرنے کو کہا گیا۔ جیا نے درفشاں کے مقابلے میں ہانیہ عامر کو منتخب کیا، تاہم ساتھ ہی ان کے طرزِ عمل پر تنقید بھی کردی۔
جیا علی کا کہنا تھا کہ ہانیہ ایک اچھی اداکارہ ہیں لیکن ان کے خیال میں وہ بعض معاملات میں حد سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہانیہ کی شہرت اب صرف پاکستان تک محدود نہیں، اس لیے انہیں اپنی عوامی شخصیت اور رویے کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔
ہانیہ عامر کا شمار پاکستان کی مقبول نوجوان اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ڈراموں اور فلموں میں کامیابی کے ساتھ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی بڑی تعداد میں مداح بنائے ہیں اور بیرون ملک بھی ان کی خاصی مقبولیت دیکھی جاتی ہے۔
دوسری جانب جیا علی نے ماڈلنگ سے شوبز میں قدم رکھا اور بعد میں اداکاری میں بھی کام کیا۔ وہ ان دنوں اداکاری سے قدرے دور ہیں اور یوگا انسٹرکٹر کے طور پر اپنی سرگرمیوں کے ساتھ مختلف ٹی وی شوز اور پوڈکاسٹس میں بھی نظر آتی ہیں۔
ہانیہ عامر کے بارے میں جیا علی کے دوٹوک الفاظ سامنے آنے کے بعد اب صارفین بھی اپنی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں، جس سے دونوں اداکاراؤں کے مداحوں کے درمیان گفتگو کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔